ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ریاض کے علاقے کی طرف داغا گیا کروز میزائل فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ حوثی ملیشیا نے ریاض کے علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے کروز میزائل داغا تھا، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے اسے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا۔
فضائی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کا دعویٰ
ترجمان ترکی المالکی کے مطابق میزائل کی نشاندہی کے بعد فضائی دفاعی نظام نے فوری کارروائی کی اور اسے فضا میں ہی تباہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائل کو ریاض کے علاقے تک پہنچنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔تاہم اتحادی افواج کے ترجمان نے اپنے بیان میں میزائل کے ممکنہ ہدف، اس کی درست سمت یا حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی ممکنہ نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
حوثیوں کا تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا
دوسری جانب اس واقعے پر حوثی گروپ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ نہ ہی آزاد ذرائع سے میزائل حملے اور اسے فضا میں تباہ کیے جانے کے دعوے کی تصدیق ہوسکی ہے۔