ڈرامہ ایکٹ 2026 کی منظوری خوش آئند ہے:: سلطان لودھی

سلطان لودھی کی عظمیٰ بخاری کو مبارکباد، فحاشی کے خاتمہ، فنکاروں کیلئے رہائشی و ہیلتھ کارڈ سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ
ملتان (شوبز ڈیسک) سینئر رائٹر و ڈائریکٹر سلطان لودھی نے اپنے ایک اخباری بیان میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب محترمہ عظمیٰ بخاری کو ڈرامہ ایکٹ 2026 صوبائی اسمبلی سے منظور کروانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پنجاب میں تھیٹر کے معیار کو بہتر بنانے اور فحاشی و بے حیائی کی روک تھام کے حوالے سے خوش آئند اور قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئے ڈرامہ ایکٹ پر مؤثر عمل درآمد کے بعد پنجاب بھر کے تھیٹرز میں معیاری، اصلاحی اور تفریحی ڈرامے نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے، جنہیں فیملیز بھی باوقار ماحول میں دیکھ سکیں گی۔ ماضی میں بعض اسٹیج ڈراموں میں فحاشی اور بے حیائی کے عناصر نمایاں ہونے کے باعث تھیٹر کا مثبت تشخص متاثر ہوا، تاہم پنجاب حکومت کا یہ اقدام اس رجحان کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔سلطان لودھی نے کہا کہ اگر حکومت اس قانون پر سنجیدگی اور مستقل مزاجی سے عمل درآمد یقینی بنائے تو نہ صرف تھیٹر کا ماحول بہتر ہوگا بلکہ فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک باوقار اور سازگار ماحول میسر آئے گا۔ اس طرح اسٹیج ڈرامہ اپنی اصل ادبی، ثقافتی اور تفریحی شناخت دوبارہ حاصل کر سکے گا۔انہوں نے حکومت پنجاب سے مزید مطالبہ کیا کہ فنکاروں کی فنی تربیت اور رہنمائی کے لیے مفت تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا جائے، مستحق فنکاروں کے لیے رہائشی سہولتوں اور خصوصی امدادی اسکیموں کا اجرا کیا جائے، جبکہ فنکار برادری کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ کارڈز بھی جاری کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ فنکار ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی عزت، معاشی تحفظ اور صحت کی ذمہ داری بھی حکومت کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنی چاہیے۔ ڈرامہ ایکٹ 2026 پر مؤثر عمل درآمد اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات سے پنجاب کے تھیٹر کو ایک نئی اور مثبت سمت دی جا سکتی ہے۔