خطے میں جاری ننگی جارحیت رکوانے کیلئے پاکستان سمیت بااثر اسلامی ممالک عملی کردار ادا کریں،قائد ملت جعفریہ
راولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مشرق وسطیٰ خصوصاً فلسطین و لبنان کی صورتحال پر عرب اسلامک سربرا ہ کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ خطے میں نسل کشی و تباہ کاری رکوانے کیلئے پاکستان سمیت بین الاقوامی اثرو رسوخ رکھنے والے اسلامی ممالک عملی کردار ادا کریں، سفارتی اثرو رسوخ مضبوطی سے بروئے کار لایا جائے تو سامراجی و صہیونی سفاکیت و جارجیت رکوا کر عملی طور پر مظلوم فلسطینیوں کی معاونت کی جاسکتی ہے، کیونکہ اس قضیے میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل مکمل طور پر ناکام ہوچکے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونیوالی عرب اسلامک سربراہ کانفرنس کے انعقاد پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ مسئلہ فلسطین پر ہونیوالی کانفرنس اور امت مسلمہ کے کلیدی ممالک و سربراہان کا ایک چھت تلے جمع ہونا غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جبکہ غزہ پر سامراجی و صہیونی جارحیت و ظلم کی قیامت خیز رات کے بعد بیروت پر دمشق پر حملے اور ایران کی بین الاقوامی سرحدو ں کیساتھ خود مختاری کو چیلنج کرنے پرجورد عمل سربراہ کانفرنس نے دیا وہ بھی لائق تحسین ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ سامراج و صہیونیت نواز ذہن کی جنونیت کو رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔