حکومت پی ٹی آئی مذاکرات خوش آئند ،دعا ہے کامیاب ہوں:گورنر پختونخوا

بانی پی ٹی آئی یوٹرن لینے کے عادی ، این آر او نہیں مل سکتا، مقدمات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے 
 پرامن احتجاج سب کا جمہوری حق، جمہوری حکومتوں میں ڈنڈے نہیں برسائے جاتے، پریس کانفرنس
پشاور(آئی این پی )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مذاکرات ہونا خوش آئند ہے، سیاسی جماعتوں میں بات ہونی چاہیے، دعا ہے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں۔پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ حکومت نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا اور ان کو اپنے پاس بلایا، سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی والے یوٹرن کے عادی ہیں،مجھے خدشات بہت ہیں لیکن ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ڈائیلاگ سبوتاژ ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے، اگر ڈائیلاگ کا مقصد این آر او ہے تو انہیں این آر او نہیں ملے گا، این آر او کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی کو سزا ہونی ہے یا ضمانت، حکومت نے این آر او کا فیصلہ نہیں کرنا،   کسی شخصیت نے نہیں آپ کے مقدمات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں بلدیاتی نمائندے اپنے حق کیلئے جمہوری طریقے سے احتجاج کررہے تھے، مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ کی گئی، ایک پرامن احتجاج سب کا جمہوری حق ہے، پرامن لوگوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، جمہوری حکومتوں میں ایسا نہیں ہوتا کہ ڈنڈے برسائے جائیں، صوبائی حکومت نے جو وعدے کیے ان کو پورا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، جنوبی اضلاع اور دیگر علاقوں میں امن وامان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، پاراچنار اور کرم میں غذائی قلت اور دیگر مسائل ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کا مشکور ہوں جنہوں نے امداد کی۔ کرم میں امن معاہدہ ہوا ہے امید ہے اس پر عمل ہو گا ، کرم کے لوگ بھی سکھ کا سانس لے سکیں گے۔