پنجاب میں مہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ مریض کو علاج کیساتھ زندگی کی امید دلانا بھی ضروری ہے:مریم نواز

مہم کو وزیراعلیٰ خود لیڈ کریں گی‘سرکاری ہسپتالوں میں وبائی اور تیزی سے پھیلنے والے امراض سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
 مہلک بیماریوں سے بچاؤ کا عوامی شعور و آگاہی بیدار کرنا ناگزیر ہے‘ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ابتدائی ا علامات سے آگاہی ضروری ہے:مریم نواز
دنیا کو بدلنے کیلئے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات درکار ہوتے ہیں،  تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ناگزیر ہے:عالمی یومِ تخلیق و جدت کے موقع پر  پیغام 
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب میں مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے صوبے گیر عوامی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیاگیا ہے اوروزیراعلیٰ مریم نواز شریف صوبے گیرہیلتھ عوامی آگاہی مہم کو خود لیڈ کریں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میںسیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب نے تفصیلی بریفنگ دی۔آگاہی مہم میں عوام کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ اور علاج سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے اورسرکاری ہسپتالوں میں وبائی اور تیزی سے پھیلنے والے امراض سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ کی طرف سے ہیلتھ کیئر کمیشن کو پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس میں ہیلتھ ایس او پیز کی مانیٹرنگ کا حکم دیا اورصوبے بھر میں عطائی کلینکس کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھرپنجاب میں ’’چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پراونشنل پروگرام‘‘شروع کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے ذیابیطس، ٹی بی، ایڈز اورہیپاٹائٹس سے بچاؤ پروگرام شامل ہوں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’’چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پراونشنل پروگرام‘‘ کی اصولی منظوری دے دی اورکہاکہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کا عوامی شعور و آگاہی بیدار کرنا ناگزیر ہے۔  مہلک اور وبائی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ابتدائی ا علامات سے آگاہی ضروری ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مریض کو علاج ہی نہیں بلکہ زندگی کی امید دلانا بھی ضروری ہے۔دریں اثناء وزیراعلی  مریم نوازنے کہا ہے  دنیا کو بدلنے کیلئے بڑے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات درکار ہوتے ہیں۔مریم نواز شریف نے عالمی یومِ تخلیق و جدت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد ہمیں اپنی سوچ کو وسیع کرنے اور نئے خیالات کو اپنانے کا عہد کرنا چاہیے، انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ناگزیر ہے، جبکہ دوسروں کے خیالات کو سننا اور ٹیم ورک کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا جدت کو فروغ دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور جدت پسند امنگیں معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، ترقیاتی کاموں اور تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور جدت کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے