انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایشیز ٹیسٹ کا پہلا دن بالرز کے نام رہا، جس میں دونوں ٹیموں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر مچل اسٹارک کی تباہ کن بالنگ کے سامنے پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس میں ہیری بروک 52، اولی پوپ 46 اور جیمی سمتھ 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے، اور 7 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ مچل اسٹارک نے 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ برینڈن ڈوگیٹ اور کیمرون گرین نے بھی کامیابی حاصل کی۔
آسٹریلیا نے بھی اپنی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، جیک ویدرالڈ بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ دیگر بیٹسمین، جن میں ایلیکس کیری 26، کیمرون گرین 24، ٹریوس ہیڈ 21، اور اسٹیو اسمتھ 17 رنز کے ساتھ شامل ہیں، بھی جلد آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کی طرف سے کپتان بین اسٹوکس نے 5، جوفرا آرچر اور برائیڈن کارس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کا پہلا دن بالرز کے نام رہا، اور دونوں ٹیمیں مایوسی کے عالم میں پویلین لوٹیں۔