کیوی بیٹرز نے پاکستان بالرز کی درگت بنا ڈالی، 199 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم

کیوی بیٹرز نے پاکستان بالرز کی درگت بنا ڈالی، 199 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم

نیپیئر میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے بیٹر مارک چیپمین اور ڈیرل مچل نے پاکستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 199 رنز کی شراکت قائم کی۔

 دونوں کھلاڑیوں نے مل کر پاکستان کے بالرز کی خوب دھنائی کی، حالانکہ نیوزی لینڈ کے ابتدائی تین بلےباز صرف 50 رنز پر پویلین واپس لوٹ چکے تھے، جس کے بعد کیوی ٹیم مشکلات میں تھی۔مگر چیپمین اور مچل نے شاندار شراکت کے ذریعے نیوزی لینڈ کو سنبھالا دیا اور پاکستان کے خلاف 199 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ یہ پارٹنرشپ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے خلاف سب سے بڑی شراکت داری بن گئی۔ اس سے قبل، نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ اور نیتھن ایسٹل نے 2001 میں 193 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

اگرچہ چیپمین اور مچل کی یہ شراکت یادگار رہی، مگر ون ڈے کرکٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ اب بھی انضمام الحق اور عامر سہیل کے پاس ہے، جنہوں نے 1994 میں شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری وکٹ پر ناقابل شکست 263 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔مارک چیپمین نے اپنی شاندار سنچری کے دوران نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز تک پہنچایا، اور اب پاکستان کے لیے اس ہدف کا تعاقب کرنا باقی ہے۔