ایرانی خواتین فٹ بالرز کے تحفظ کے لیے آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا

ایرانی خواتین فٹ بالرز کے تحفظ کے لیے آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا

آسٹریلیا میں پناہ حاصل کرنے والی ایرانی خواتین فٹبالرز نے آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ایک محفوظ ماحول میں اپنی نئی زندگی اور کھیل کے کیریئر کا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔

عرب میڈیا اور الجزیرہ کے مطابق کھلاڑیوں فاطمہ پسندیدہ اور عاطفہ رمضانی زادہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا ملنے کے بعد آسٹریلیا کی حکومت اور وزیر داخلہ ٹونی برک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں آسٹریلیا میں ایک محفوظ پناہ گاہ ملی ہے اور ان کی اولین ترجیح اپنی صحت، حفاظت اور نئی زندگی کی تعمیر ہے، تاہم وہ پیشہ ور کھلاڑی ہونے کے ناطے اپنا فٹبال کیریئر بھی جاری رکھنا چاہتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی خواتین فٹبال ٹیم کی 6 کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کو ایشین کپ کے دوران انسانی بنیادوں پر آسٹریلیا میں ویزے دیے گئے تھے، جن میں سے کچھ واپس ایران چلے گئے جبکہ دو کھلاڑیوں نے وہیں قیام کا فیصلہ کیا۔یہ کھلاڑی اس وقت مقامی اے لیگ ویمن ٹیم برسبین روار کے ساتھ ٹریننگ کر رہی ہیں۔یاد رہے کہ ایشین کپ کے دوران بعض ایرانی کھلاڑیوں کے قومی ترانہ نہ پڑھنے کے بعد انہیں ایران میں شدید تنقید اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔