میکسیکو کی فاطمہ بوش نے مس یونیورس 2025 کا ٹائٹل جیت لیا

میکسیکو کی فاطمہ بوش نے مس یونیورس 2025 کا ٹائٹل جیت لیا

میکسیکو کی حسینہ فاطمہ بوش نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقدہ مس یونیورس 2025 کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے عالمی حسن کا تاج پہن لیا۔

 اس مقابلے میں حصہ لینے والی دیگر حسیناؤں میں فلسطین سے ندین ایوب، امارات سے مریم محمد، پاکستان سے روما ریاض، وینزویلا سے اسٹیفنی اباسالی، فلپائن سے آتھیسا مانیلو اور آئیوری کوسٹ سے اولیویا یاس شامل تھیں۔اس مقابلے میں کئی تنازعات اور دباؤ کے باوجود فاطمہ بوش نے اپنی جگہ بنائی۔ مقابلے سے قبل تھائی لینڈ میں اس سال کا مقابلہ حسن خاصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ خاص طور پر لائیو اسٹریم کے دوران جب تھائی ایونٹ ڈائریکٹر نے فاطمہ بوش کو سرزنش کا نشانہ بنایا، جس کے بعد کئی حسیناؤں نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ اس واقعہ کے بعد فاطمہ بوش مداحوں کی پسندیدہ امیدوار کے طور پر ابھری۔

مزید برآں، مقابلے کے فائنل سے قبل دو ججز نے استعفیٰ دے دیا تھا، جو اس مقابلے کی حساسیت اور تنازعات کو ظاہر کرتا ہے۔ فاطمہ بوش 25 سالہ ہیں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم، خاص طور پر رضاکارانہ کاموں میں حصہ لیتی ہیں۔ انہوں نے فیشن ڈیزائن کی تعلیم میکسیکو سے حاصل کی ہے، اور ستمبر 2025 میں مس میکسیکو کا ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔

انہوں نے مقابلے میں اپنی ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دباؤ کے باوجود مس یونیورس کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔