شاہ پور میں علیشبہ سڑک پر جاگری، بچانے کی کوشش میں نادیہ حادثے کا شکار
بچی موقع پر دم توڑ گئی، ماں ہسپتال میں چل بسی، ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار
شاہ پور (خصوصی رپورٹ)ٹریفک کے ایک المناک حادثے میں رکشے سے گرنے والی ماں اور تین ماہ کی بچی ڈمپر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنڈی جوڑی کی رہائشی 26 سالہ نادیہ اپنی تین ماہ کی بیٹی علیشبہ حبیب کو گود میں لیے رکشے پر شاہ پور جا رہی تھی کہ مین سرگودھا روڈ پر بچی ہاتھ سے چھوٹ کر سڑک پر جا گری۔بچی کو سنبھالنے کی کوشش میں نادیہ بی بی بھی سڑک پر گر گئی، اسی دوران پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ڈمپر ماں اور بیٹی کو کچلتا ہوا گزر گیا، بچی موقع پر دم توڑ گئی جبکہ نادیہ بی بی کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔