لاہور: ڈمپر کی رکشے کو ٹکر،3 افراد زخمی، قربانی کے 2 بکرے ہلاک

 4 سالہ محمد اریشان، 13 سالہ ثاقب اور رکشہ ڈرائیور نذیر ہسپتال منتقل ،ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار 
لاہور(کرائم رپورٹر)اسلام پورہ کے علاقے میں تیز رفتار ڈمپر کی رکشے کو ٹکر کے نتیجے میں بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ قربانی کے 2 بکرے ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق رکشہ قربانی کے بکرے لے جا رہا تھا کہ اسی دوران اسلام پورہ آئوٹ فال روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے اسے ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں 4 سالہ محمد اریشان، 13 سالہ ثاقب اور رکشہ ڈرائیور نذیر زخمی ہوگئے جن کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حادثے میں رکشے میں موجود 2 بکرے موقع پر ہلاک ہوگئے اور 2 دیگر بکروں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔اسلام پورہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم ڈمپر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔