محنت کشوں کو ماہانہ تین ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی :وزیر محنت
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ میں قابلِ ذکر اضافہ کر دیا ہے۔ محنت کشوں کے بچوں کی شادی کی گرانٹ میں دو لاکھ روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد میرج گرانٹ کو چار لاکھ روپے سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈیتھ گرانٹ کو بھی دو لاکھ روپے بڑھا کر آٹھ لاکھ کی بجائے دس لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر لیبر منشا اللہ بٹ نے کہا کہ یہ تمام اضافہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے، جو صوبے کے محنت کش طبقے کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محنت کشوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانے کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔وزیر لیبر نے مزید بتایا کہ محنت کشوں کو مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ تین ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو ریلیف پہنچ رہا ہے۔