الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی اور شہرناز عمرایوب کو آج طلب کرلیا

 حویلیاں جلسے میں دئیے گئے متنازعہ بیان  اور دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے طلب کیا گیا
اسلام آباد(آئی این پی )الیکشن کمیشن آف  پاکستان نے حویلیاں جلسے میں دئیے گئے متنازعہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے  وزیراعلی سہیل آفریدی اور  این اے 18 سے  امیدوار شہر ناز  عمر ایوب کو طلب کرلیا ۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن  کا اجلاس جمعرات کو  صبح ساڑھے گیارہ بجے  منعقد ہوا ۔ اجلاس میں قانونی پہلوئو ں کا جائزہ لیا گیا۔اس دوران الیکشن کمیشن کے لیگل ونگ نے وزیراعلی خیبر پختوانخواہ سہیل آفریدی کیخلاف کارروائی کی تجویز دی۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کے حلقے میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن عملے کو دھمکیاں دیں، جس کے بعد ضمنی انتخاب کا پرامن انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ جلسے کے اسٹیج پر ایک مفرور ملزم کی موجودگی نہایت تشویشناک ہے، اور یہ صورتحال ضلعی انتظامیہ، پولیس، الیکشن اسٹاف اور ووٹرز کی سیکیورٹی کو براہ راست خطرے میں ڈال رہی ہے