چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عمرایوب کو مدعو کرلیا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما پاکستان تحریک انصاف عمرایوب سے رابطہ کرکے ملنے کے لیے بلالیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے عمر ایوب کی جانب سے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھے گئے خط کے معاملے پر بتایا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کے رہنما سے رابطہ کیا اور عمر ایوب کو جمعہ کو ملنے کے لیے بلا لیا۔ذرائع نے بتایا کہ عمر ایوب نے چیف جسٹس سے اسلام آباد میں ملنے سے انکار کیا اور بتایا کہ اگر میں اسلام آباد آپ سے ملنے آیا تو واپس نہیں جا سکوں گا کیوں کہ گرفتار کر لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کے انکار پر چیف جسٹس نے دوسرا آپشن پوچھا، جس پرعمر ایوب نے چیف جسٹس سے پشاور میں ملنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔