پاکستان خطے میں سپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہا ہے عطا ء تارڑ

پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات کی  سری لنکا کے نائب وزیر برائے امور نوجوانان  سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ  نے کہا  ہے  پاکستان خطے میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سے سری لنکا کے نائب وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل سوگاتھ تھلا کراتھنے کی ملاقات ہوئی۔سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینویراتھنے، ڈپٹی ہائی کمشنر کرسٹی روبن اور منسٹر قونصلر (ڈیفنس)  بریگیڈیئر جی اے کے آر گنارتنے بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں کرکٹ کے فروغ، کھیلوں میں باہمی تعاون اور دوطرفہ روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کی جانب سے کھیلوں کو عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کا موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس شعبہ میں اشتراک عمل کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان میں تعاون نہ صرف نوجوان نسل کو قریب لاتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے