پارٹی میں فاروڈ بلاک نہیں، دو تہائی اکثریت برقرار رہے گی:بیرسٹرگوہر

 ایم این اے اور ایم پی اے بہت تکالیف سے گزرے ہیں، انہوں نے کروڑوں کی آفرز ٹھکرائی ہیں 
گنڈا پور آج سمری کے ذریعے  استعفیٰ گورنر کو بھجوائیں گے‘خیبرپختونخوا میں صرف پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی
  اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے  پارٹی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں اور عمران خان کی ہدایت پر مکمل عمل درآمد ہوگا جب کہ امیدوار کوئی بھی ہو صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت رہے گی اور دو تہائی اکثریت برقرار رہے گی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایات پر عمل ہوگا اور علی امین گنڈا پور کچھ دیر بعد پشاور کے لیے روانہ ہوں گے،   آج (جمعرات کو ) سمری کے ذریعے اپنا استعفی گورنر کو بھجوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق جو بھی صوبے میں حکومت بنے گی سب اس کو سپورٹ کریں گے، میں واضح کردوں کہ پاکستان تحریک انصاف میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں ہے، ہر ایم این اے اور ایم پی اے بہت تکالیف سے گزرے ہیں، انہوں نے کروڑوں کی آفرز ٹھکرائی ہیں اور وہ عمران خان کے ساتھ مخلص ہیں۔