انٹرنیٹ بندش کم کرنے اور بچوں کی آن لائن سیکیورٹی پر کام جاری:شزا فاطمہ

انٹرنیٹ بندش کم کرنے اور بچوں کی آن لائن سیکیورٹی پر کام جاری:شزا فاطمہ

وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی، شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ حکومت انٹرنیٹ کی بندش کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو 24 گھنٹے قابلِ اعتماد اور تیز ترین انٹرنیٹ سروس فراہم کی جا سکے۔

شزا فاطمہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتِ حال سب سے اہم ہے اور خطے کے ممالک جو انٹرنیٹ بندش سے بچ کر ترقی کر رہے ہیں، ان کے مقابلے میں ہم بھی اسی سمت میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے عوام کو بہترین انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور اس مقصد کے تحت 4 نئی زیرِ سمندر کیبلز لا کر چین کے ساتھ ڈیٹا ٹرانزٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ٹیلیکام سیکٹر کے حوالے سے بھی چیلنجز کا ذکر کیا، خاص طور پر ایل سیز کی بندش کے بعد ٹیلیکام انفراسٹرکچر کے مسائل کا سامنا تھا۔

شزا فاطمہ نے بچوں کی آن لائن سیکیورٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی حفاظت بہت ضروری ہے اور سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا اور امریکا کی مثال دی جہاں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے۔ وزیرِ مملکت نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بچوں کو نقصان پہنچانے والے مواد کو فلٹر کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور 40 لاکھ سے زائد نوجوان آج کل آن لائن سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔وزیرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر مواد کی تیاری کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے اور یہ بھی کہ وزارتِ داخلہ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے، وہ ہمیشہ کوشش کریں گے کہ انڈسٹری کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔