انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، نہ میرے پاس بٹن ہے: شزا فاطمہ

انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، نہ میرے پاس بٹن ہے: شزا فاطمہ

وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور نہ ہی میرے پاس اس کا کوئی بٹن ہے۔

 انہوں نے وضاحت کی کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بعض اوقات انٹرنیٹ کی سروسز میں مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم عاشورہ کے دوران پورے ملک میں انٹرنیٹ بند نہیں کیا گیا تھا۔شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ کابینہ آئی ٹی منسٹری کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کے ڈیٹا کی پروٹیکشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال سے انٹرنیٹ سروسز میں 28 فیصد بہتری آئی ہے، اور حکومت 4G اور 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم اور وزیرِ قانون نے گزشتہ 6 سالوں میں 550 میگاہرٹز اسپیکٹرم کلیئر کروا کے دیا ہے، اور اب 274 میگاہرٹز اسپیکٹرم پر پورا پاکستان چل رہا ہے، جو کہ آبادی کے حساب سے کم ہے۔ اسپیکٹرم کی نیلامی کی کوشش اپریل میں کی جائے گی۔