ویب ڈیسک:بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے 29 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
اس جوڑے کی علیحدگی کے بعد، اے آر رحمان کا 2012 میں دیا گیا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے کچھ اہم باتیں شیئر کی تھیں۔اے آر رحمان نے بھارتی میزبان سیمی گریوال کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی شادی اس وقت کی تھی جب وہ اپنے کیریئر کی بلندیوں پر تھے اور ان کے پاس وقت نہیں تھا کہ وہ کسی لڑکی سے شادی کرنے کے لیے تلاش کرتے۔ اس لیے ان کی والدہ نے ان کے لیے ایک سادہ سی لڑکی ڈھونڈی، جو ان کی زندگی میں ایڈجسٹ ہو سکے اور ان کے پیشے کی وجہ سے ان کے ساتھ مسائل پیدا نہ کرے۔
موسیقار نے بتایا کہ ان کی اور سائرہ بانو کی شادی ارینج تھی اور ان کی اہلیہ کو شادی سے پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ ان کے پاس وقت نہیں ہوگا کہ وہ شادی کے بعد سیر و تفریح یا شاپنگ کے لیے وقت نکال سکیں کیونکہ وہ اپنے موسیقی کے کیریئر میں بے حد مصروف رہتے تھے۔ رحمان نے بتایا کہ انہیں ایسی لڑکی چاہیے تھی جو تھوڑی پڑھی لکھی، خوبصورت اور سمجھدار ہو، اور ان کی والدہ نے ان کے لیے سائرہ بانو کو منتخب کیا۔ اس طرح 1995 میں ان کی شادی ہوئی۔
تاہم، اس 29 سالہ شادی کا اختتام 2024 میں ہوا، جب سائرہ بانو کے وکیل کی جانب سے ان کے اور اے آر رحمان کے درمیان علیحدگی کا اعلان کیا گیا۔ اے آر رحمان نے بھی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک دکھ بھرا پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ انہیں امید تھی کہ یہ رشتہ 30 سال مکمل کرے گا، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔اس طلاق کے بعد دونوں کے مداح اور میڈیا کی نظر میں اس جوڑے کی ازدواجی زندگی کا خاتمہ ایک غمگین لمحہ ہے، تاہم دونوں نے اس فیصلے کو باہمی رضامندی سے لیا ہے۔