بھارتی اداکارہ مونی رائے اور دبئی کے بزنس مین سوراج نمبیار نے شادی کے چار سال بعد باہمی رضامندی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
دونوں نے اس خبر کی تصدیق ایک مشترکہ سوشل میڈیا بیان کے ذریعے کی۔بیان میں دونوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو انتہائی نجی اور باوقار انداز میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور میڈیا و عوام سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے حوالے سے پھیلنے والی کئی “غلط کہانیاں اور من گھڑت دعوے” حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔جوڑے کے مطابق یہ فیصلہ باہمی مشاورت اور ذاتی زندگی کے تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا ہے، تاہم وہ ایک دوسرے کے لیے احترام برقرار رکھیں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ مستقبل میں اپنی دوستی کو قائم رکھنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب علیحدگی سے متعلق افواہیں اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر فالو ختم ہونے، تصاویر ڈیلیٹ یا آرکائیو کرنے اور دوری کے اشاروں کی خبریں سامنے آئیں۔مداحوں اور شوبز حلقوں میں اس خبر کو ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ دونوں شخصیات کی جانب سے قیاس آرائیوں سے گریز کی اپیل بھی کی گئی ہے۔