لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی سربراہی میں لاہور پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہداء پیکج کے تحت2017ء سے اب تک52شہداء کے خاندانوں کو80کروڑ 95لاکھ روپے مالیت کے مکانات دیئے گئے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ رواں سال پولیس ملازمین کے بچوں کے سکالر شپس کی مد میں 88خاندانوں میں02کروڑ15لاکھ42ہزارروپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔ جہیز فنڈ کی مد میں شہداء کے 10خاندانوں میں 33لاکھ20ہزار روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ گزارہ الاؤنس کی مد میں 17خاندانوں میں 16لاکھ91ہزار روپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدائے پولیس ہماری شان ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کے338افسران واہلکاران نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کے اہل خانہ اور غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسران و ملازمین ایک خاندان کی طرح ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچیوں کی شادی، بچوں کی کوالٹی ایجوکیشن اوربہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے ہر فرد اور ان کے خاندان کی فلاح و بہبود ہماری اہم ترجیح ہے۔