وزیراعلیٰ کی گندم اور آٹے کی مہنگائی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، عظمیٰ بخاری

وزیراعلیٰ کی گندم اور آٹے کی مہنگائی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کامیابیاں پاکستان کے لیے اعزاز ہیں اور ان کے ترقیاتی منصوبے عوامی سطح پر نمایاں نتائج دے رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت اس وقت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں جبکہ 60 ہزار گھر پہلے ہی شہریوں کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگراموں کو نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے حالیہ دورہ آذربائیجان پر تنقید کی گئی، تاہم حقیقت یہ ہے کہ انہیں ان کی کارکردگی کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر مدعو کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام بھی ایسے پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی ریکارڈ پیداوار اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ان کے مطابق صوبے میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز رات گئے واپسی کے باوجود صبح سے ہی مسلسل اجلاسوں کی صدارت کر رہی ہیں اور حکومت کی اولین ترجیح گندم و آٹے کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے سمیت تمام ترقیاتی پروگرام تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور حکومت پنجاب کی کارکردگی خود اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی خدمت کا نیا معیار قائم کیا جا رہا ہے۔