اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن ونگ کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں پر غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور پاکستان کے نام پر کسی بھی سطح پر بدنامی برداشت نہیں کی جائے گی۔محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت دی کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سفری دستاویزات کی سخت اور جامع سکریننگ کی جائے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت روک تھام ممکن ہو سکے۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سمیت کراچی اور لاہور زون کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔