ایران کے دورے پر موجود وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، سرحدی سلامتی، تجارت اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسلسل رابطہ اور سفارتی تعاون ضروری ہے۔یہ ملاقات ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں محسن نقوی اور عباس عراقچی کے درمیان دوسری ملاقات ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کی رفتار میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔اس سے قبل محسن نقوی نے تہران میں ایران کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کی تھیں، جن میں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اہم شخصیات سے گفتگو کی۔
ان ملاقاتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا دورہ ایران ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کو پاک ایران تعلقات میں اعتماد سازی اور تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔