پولیس نے انمول پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کردی

پولیس نے انمول پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کردی

پولیس نے انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے، ملزم محمد سمیر کی گرفتاری اور تفتیش کے لئے عدالت سے اجازت حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، منشیات ڈیلر کوکین اور کوئین انمول عرف پنکی کے کیس کی سماعت کراچی کی سٹی کورٹ (ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت) میں ہوئی، جس میں پولیس نے ملزمہ کے قریبی ساتھی کی گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔پولیس کے مطابق، انمول عرف پنکی کی سہولت کاری کے معاملے میں، گارڈن اور درخشاں پولیس نے ملزم محمد سمیر کی گرفتاری اور تفتیش کے لیے عدالت سے باضابطہ اجازت مانگی ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ ملزم محمد سمیر سے سینٹرل جیل میں جاکر تفتیش کی جائے۔ملزم محمد سمیر جون 2021 میں منشیات برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار ہوا تھا اور اب جسمانی ریمانڈ پر ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ انمول بھی ریمانڈ پر ہے اور اس سے تفتیش کے دوران اس نے منشیات سپلائی کرنے والے رائیڈرز کے نام بتائے ہیں۔پولیس کے مطابق، محمد سمیر انمول کا رائیڈر ہے، جو موٹر سائیکل کے ذریعے منشیات سپلائی کرتا تھا اور اس کی آمدنی بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوتی تھی۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کو ریمانڈ پر رکھا جائے۔بعد ازاں، عدالت نے پولیس کو دو مقدمات میں ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت دے دی ہے۔