منشیات کیس: انمول پنکی اور مبینہ سہولت کاروں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

منشیات کیس: انمول پنکی اور مبینہ سہولت کاروں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

کراچی کی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے سامنے منشیات کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے مبینہ سہولت کاروں کے مالی ریکارڈ سے متعلق تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی سمیت مختلف شہروں میں منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو مختلف بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز کے ذریعے منتقل کیا جاتا رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک منظم انداز میں مالی لین دین کے لیے جدید طریقے استعمال کرتا تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مبینہ سہولت کاروں ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان کے نام متعدد بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں، جن کے ذریعے مبینہ طور پر رقوم کی لین دین کی جاتی رہی۔ پولیس کے مطابق ان اکاؤنٹس کی چھان بین جاری ہے اور ان میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا مؤقف ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی مبینہ طور پر شہر بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے، جبکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن کو مختلف مالیاتی چینلز کے ذریعے منتقل کیا جاتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ان اکاؤنٹس کو سہولت کار آپریٹ کرتے تھے اور ان میں رقوم بھیجنے اور وصول کرنے والوں کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔

عدالت میں جمع کرائے گئے ریکارڈ میں بینکنگ اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی تفصیلات بھی شامل ہیں، جن کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ کیس کے مالی پہلو کو مزید گہرائی سے جانچا جا رہا ہے تاکہ مکمل نیٹ ورک سامنے لایا جا سکے۔

مقدمے کی مزید سماعت اور تفتیش جاری ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔