منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف اہم شواہد عدالت میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ درخواستِ ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے ملزمان کے خلاف 500 سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزی ثبوت پیش کیے۔پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان ایک ایزی لوڈ شاپ چلاتے ہیں اور وہ مبینہ طور پر انمول عرف پنکی کے ساتھ مل کر منشیات کی سپلائی اور مالی لین دین میں ملوث رہے ہیں۔سماعت کے دوران پولیس نے عدالت میں ملزمہ اور اس کے ساتھیوں کی کال ریکارڈنگز، وائس نوٹس اور دیگر شواہد بھی جمع کرائے۔ تفتیشی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں ملزمان انمول عرف پنکی کے اہم سہولت کار ہیں۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کی جائے۔ یہ مقدمہ تھانہ بغدادی میں درج ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو آئندہ سماعت پر سنائے جانے کا امکان ہے۔