پنجاب میں فضائی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کی سکیورٹی کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ

پنجاب میں فضائی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کی سکیورٹی کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ

پنجاب حکومت نے ملکی فضائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے، پاک فضائیہ کے تمام ایئر بیسز اور صوبہ بھر کے کمرشل ہوائی اڈوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔

 اس ضمن میں، ان کے اطراف میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ انسانی جانوں، املاک اور فضائی آپریشنز کو محفوظ بنایا جا سکے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ پابندیاں 13 کلومیٹر کے دائرے میں نافذ کی گئی ہیں، جو کہ تمام ایئر بیسز اور ہوائی اڈوں کے گردونواح کو شامل کرتی ہیں۔ یہ پابندیاں 30 دنوں کے لئے جاری رہیں گی اور ان کا اطلاق صوبے بھر میں ہوگا۔ اس دوران، کبوتر بازی، لیزر لائٹس کا استعمال، اور فضائی یا زمینی دیگر اشیاء پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیاں فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں اور فلائٹ سیفٹی کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔

اس کے علاوہ، حکومت نے ہدایت دی ہے کہ ایئرپورٹس اور ان کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ پرندوں کی آمد اور دیگر ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔ یہ اقدامات، سیکرٹری داخلہ کے احکامات کے تحت، ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت جاری کئے گئے ہیں، اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سختی سے عملدرآمد کی توقع کی گئی ہے۔حکومت کے اس اقدام کا مقصد فضائی آپریشنز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ ہے، تاکہ ملکی فضائی فعالیت بلاخوف اور بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔