انسداد پولیو مہم ،لاہور پولیس کے سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات جاری رکھتے ہوئے شہر بھر میں پولیو ٹیموں کو فول پروف تحفظ فراہم کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کیلئے 2412 پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ 496 موٹر سائیکل ٹیمیں اور 84 تھانوں و چوکیوں کی گاڑیاں مختلف علاقوں میں گشت پر مامور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایس پیز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور بیٹ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر پولیو ورکرز کی معاونت اور سکیورٹی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ فیصل کامران کے مطابق لاہور کے تمام ڈویڑنز میں انسداد پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ مہم کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کو موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔فیصل کامران نے خبردار کیا کہ پولیو ورکرز پر تشدد، ہراسگی یا مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 18 مئی سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم 24 مئی تک جاری رہے گی۔