فیول کی قیمتوں کے علاوہ ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد بھی کم تھی:ترجمان ریلوے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ریلوے حکام نے مختلف سیکشنوں پر چلنے والی اپنی8 ٹرینیں عارضی طور پر بند کر دیں۔ ذرائع کے مطابق ٹرینوں کو تا حکم ثانی بند کیا گیا ہے ،فیول کی قیمتوں کے علاوہ ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد بھی کم تھی۔ ذرائع کے مطابق فیول اخراجات میں بچت لانے کے لیے ٹرینوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بند ہونے والی ٹرینوں میں بولان میل، خوشحال خان خٹک، مہرا ن ایکسپریس، چمن پسنجر،ماروی ایکسپریس،سمن سرکار ایکسپریس,مونجوداڑو ایکسپریس اور راوی ایکسپریس شامل ہیں۔ ترجمان ریلوے کے مطابق آپریشنل اخراجات بڑھنے کی وجہ سے ٹرینوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے،حالات بہتر ہوتے ہی ٹرینوں کو بحال کر دیا جائے گا۔