مسافروں کی کم تعداد،کراچی سے چلنے والی 4 ٹرینیں منسوخ

خوشحال خان خٹک ، کراچی، قراقرم ایکسپریس اور بولان میل شامل 
مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ اور رقم واپسی کی سہولت فراہم 
 لاہور(خصوصی رپورٹ)کراچی سے چلنے والی 4 اہم ٹرینیں پیر کو منسوخ کردی گئیں، تاہم مسافروں کو متبادل سہولت فراہم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث ریلوے حکام نے کراچی سے روانہ ہونے والی 4 بڑی ٹرینوں کو پیر کے لیے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ منسوخ ہونے والی ٹرینوں میں کراچی ایکسپریس، خوشحال خان خٹک ایکسپریس، بولان میل اور قراقرم ایکسپریس شامل ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو پاک بزنس ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ فیصل آباد سے قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو ملت ایکسپریس کے ذریعے متبادل سہولت فراہم کی گئی۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس اور بولان میل کے مسافروں کو مکمل رقم کی واپسی یا اپنی سفر کی تاریخ تبدیل کرانے کی سہولت فراہم کی گئی۔ تمام متاثرہ مسافروں کی سہولت کے لیے ریلوے اسٹیشنز پر خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔