سوشل میڈیا کیلئے حدود مقرر کرنی چاہئیں:راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(آئی این پی ) قومی اسمبلی اجلاس  میں اظہار خیال کرتے ہوئے  راجا پرویز اشرف نے کہا ہے  کچھ دن پہلے ایک خاتون ڈرگ ڈیلر نے میرا نام لیا، اس خاتون کے وکیل نے کہا کہ مجھ پر دبائوہے  راجہ پرویز اشرف کا نام لوں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں نے بے داغ زندگی گزاری ہے، اس خاتون نے پہلے کسی اور شخص کا نام لیا، ایسا نظام وضع ہونا چاہئے کہ تحقیق مکمل ہونے تک کسی کا نام نہ لیا جائے، نظام نہ ہونے کی وجہ سے شرفا کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں۔ خاتون کی جانب سے وضاحت آگئی لیکن سوشل میڈیا پر بات جاری رہی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کیلئے کچھ حدود مقرر کرنے چاہئیں، بے بنیاد الزامات کی اجازت ہمارا مذہب بھی نہیں دیتا، ہماری بھی فیملیز ہیں، ہمارے لیے بہت مشکل ہو جاتا ہے، معاملے کا نوٹس لینے پر اسپیکر کا شکر گزار ہوں۔