بجٹ تیاری کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کا اہم اجلاس

 اسلام آباد ( آن لائن) نئے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان سیاسی و اقتصادی مشاورت میں تیزی آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی بجٹ اور وسائل کی تقسیم کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان اہم رابطے جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں فریقین کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کیا، جبکہ ان کی رہائشگاہ پر حکومتی اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کی اہم مذاکراتی بیٹھک بھی منعقد ہوئی۔مذاکرات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے شرکت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں اور صوبائی فنڈز سے متعلق تجاویز پیش کیں۔حکومت کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر نے کی۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کر دی ہیں، جن میں صوبوں کے ترقیاتی فنڈز اور عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا ہے۔حکومتی کمیٹی نے تجاویز پر مزید مشاورت کے لیے وقت طلب کر لیا، تاہم دونوں فریقین نے بجٹ تجاویز پر مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے