صوبہ پنجاب میں انتظامی معاملات پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ڈیڈ لاک برقرار، ایک اور کمیٹی بنانے کی تیاری

پنجاب میں فنڈز سے انکار ن لیگ کا پیپلز پارٹی پر وار
حکومتی ٹیم مجموعی منصوبوں کیلئے فنڈنگ پر رضامند،پی پی کا اظہار ناراضی، وفاقی حکومت سندھ کے منصوبوں پر فنڈز جاری نہیں کر رہی :پیپلز پارٹی،پاور شیئرنگ پر وفاقی حکومت سے اختلافات بڑھنے لگے 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ )مسلم لیگ ن کی حکومت نے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا ،صوبہ پنجاب میں انتظامی معاملات پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز پہلے ہونے والی دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کی ملاقات بے نتیجہ رہی ہے۔ حکومت نے پی پی ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا،حکومتی ٹیم نے فنڈنگ کے مطالبے کے جواب میں کہا کہ فی الحال مجموعی منصوبوں کے لیے فنڈنگ کر سکتے ہیں۔ حکومتی ٹیم نے یہ بھی کہا کہ ہم تو اپنے ارکان اسمبلی کو بھی الگ فنڈنگ نہیں کر رہے ہیں، جس پر پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے میٹنگ میں ناراضی کا اظہار کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی میٹنگ کا اختتام ایک اور کمیٹی بنانے پر ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کا پاور شیئرنگ پر وفاقی حکومت سے اختلاف شدید تر ہوتا جا رہا ہے،پیپلز پارٹی کے مطابق وفاقی حکومت سندھ کے منصوبوں پر فنڈز جاری نہیں کر رہی ہے اور بلوچستان کے مسائل پر بھی سنجیدہ نہیں ہے،وفاقی حکومت کے پی کے اور پنجاب میں گورنرز کے ساتھ انتظامی امور بھی حل نہیں کر رہی ہے، پی پی پی رہنمائوں نے قیادت سے شکوہ کیا ہے کہ انھوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ووٹ دئیے، لیکن بدلے میں ہمارے ووٹرز کے لیے کچھ نہیں ہو رہا ہے۔