دفاعی معاہدہ گیم چینجر، بھارت کیلئے سخت پیغام ہے: احسن اقبال

دفاعی تعاون نہ صرف عسکری سطح پر اہم ہوگا بلکہ اس کے معیشت پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوں گے، سرمایہ کاری اور اعتماد میں اضافہ ہوگا 
یہ پاکستان کے لئے ایک انتہائی مضبوط اور تاریخی پیغام ہے جو خطے میں امن، توازن اور سٹریٹیجک استحکام کو بھی یقینی بنائے گا:وفاقی وزیر کا انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، مسلم لیگ (ن)کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ ایک حقیقی گیم چینجر ثابت ہوگا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب اور مقدس مقامات کو اپنی جان سے بڑھ کر عزیز رکھتی ہے اور سعودی عرب کی حفاظت کو دینی فریضہ سمجھتی ہے، اس لیے یہ معاہدہ ناصرف پاکستان کی سلامتی بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے جو امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہو گا۔احسن اقبال نے کہا کہ اس معاہدے سے پوری دنیا کو ایک مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا خصوصا بھارت کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ اگر اس نے پاکستان پر حملے کا سوچا تو اسے ناصرف پاکستان بلکہ پوری عرب دنیا کی مخالفت مول لینا پڑے گی کیونکہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملے کے مترادف تصور ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک انتہائی مضبوط اور تاریخی پیغام ہے جو خطے میں امن، توازن اور اسٹریٹیجک استحکام کو بھی یقینی بنائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دفاعی تعاون ناصرف عسکری سطح پر اہم ہوگا بلکہ اس کے معیشت پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوں گے، اس معاہدے سے سرمایہ کاری اور اعتماد میں اضافہ ہوگا جس سے پاکستان کی ترقی کے سفر کو تقویت ملے گی