پولینڈ: اسکول میں چاقو بردار نوجوان کے حملے میں 9 افراد زخمی

پولینڈ: اسکول میں چاقو بردار نوجوان کے حملے میں 9 افراد زخمی

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے شمال میں واقع شہر اوسٹرولینکا کے ایک ووکیشنل اسکول میں 19 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کرکے 9 افراد کو زخمی کردیا، جن میں طلبہ، اساتذہ اور راہگیر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ اوسٹرولینکا شہر میں پیش آیا جو وارسا سے تقریباً 120 کلومیٹر دور واقع ہے۔ حملے کے بعد پولیس نے مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔مقامی حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 5 طلبہ، 2 اساتذہ اور 2 راہگیر شامل ہیں۔ پولیس ترجمان ماریوش زیرانسکی نے بتایا کہ کسی بھی زخمی کی حالت تشویشناک نہیں اور ان کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔اوسٹرولینکا پراسیکیوٹر کے دفتر کی عہدیدار ایلبیتا ووکیویچ کے مطابق نوجوان اسکول میں داخل ہوا اور ایک خطرناک آلے سے طلبہ اور اساتذہ پر حملہ کیا۔پولیس نے مشتبہ نوجوان کو حملے کے تقریباً 20 منٹ بعد اسکول سے کچھ فاصلے پر گرفتار کیا۔ پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق گرفتاری سے قبل نوجوان نے خود کو بھی زخمی کیا تھا، جس کے باعث اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

 علاج کے بعد اسے اسپتال سے فارغ کرکے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔حکام نے اسکول سے ایک بیگ بھی قبضے میں لیا جسے مبینہ حملہ آور وہاں چھوڑ گیا تھا۔ بم ڈسپوزل ماہرین نے بیگ کو تحویل میں لے لیا، جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر اسکول کو بند کردیا گیا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل یوکرین کی سرحد کے قریب واقع پولینڈ کے ایک علاقے میں ایک پادری کو بھی چاقو کے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مشتبہ حملہ آور کی قومیت سے متعلق مختلف افواہیں گردش کرتی رہیں، تاہم حکام کی جانب سے جاری معلومات میں اس کی قومیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔