لاہور (کرائم رپورٹر) فیصل ٹائون میں خواجہ سرا کے قتل میں ملوث ملزم ملتان سے گرفتار کر لئے گئے ۔ایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں بتایا مقتول زمان احمد عرف پلوشا بہاولنگر کا رہائشی ، کام کی غرض سے فیصل ٹائون سی بلاک میں فلیٹ کرائے پر لیا ہوا تھا۔ ملزم طارق اور امتیاز ملتان سے لاہور آکر دیہاڑی وغیرہ کرتے تھے، ملزم طارق مقتول کا جاننے والا تھا اور اکثر اس کے پاس آتا جاتا تھا، انہوں نے ملکر پلوشا کو قتل کرنے اور رقم و موبائل چوری کرنے کا پلان بنایا۔ 18مئی کی شب ملزم پلان کے مطابق فلیٹ پر آئے، ملزم طارق نے پلوشا کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے اسے دبوچ لیا، امتیاز نے چھری سے گلا کاٹ کر قتل کیا۔ ملزم موبائل اور نقدی چوری کرکے ملتان فرار ہوگئے اور آلہ قتل قریبی نامعلوم جگہ پر پھینک گئے، ملزم طارق 3مقدمات میں سابق ریکارڈ یافتہ ہے۔