اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے کوئٹہ میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونے والے ایف سی کے چار جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کے اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا ہے اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے ایف سی کے جوانوں کی قربانیاں قابل ستائش ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے، لیکن ایسی سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سالمیت کی حفاظت کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔