خضدار حملے پر سرفراز بگٹی کا شدید ردعمل: دشمن کو چن چن کر جہنم واصل کریں گے، بھارت کی پشت پناہی پر الزام

خضدار حملے پر سرفراز بگٹی کا شدید ردعمل: دشمن کو چن چن کر جہنم واصل کریں گے، بھارت کی پشت پناہی پر الزام

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست ان سفاک عناصر کو چن چن کر جہنم واصل کرے گی۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ بھارت کی پشت پناہی میں ہوا اور افغانستان کی سرزمین بھی دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خضدار میں دہشتگردوں نے اسکول وین کو نشانہ بنایا، بس میں 44 بچے سوار تھے۔ واقعے میں 4 بچوں سمیت 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، جن میں ڈرائیور اور ہیلپر بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ “ہمیں ٹھوس انٹیلی جنس معلومات تھیں کہ دشمن بلوچستان کو نشانہ بنا سکتا ہے، مگر بچوں کو سافٹ ٹارگٹ بنانا ہماری توقع سے باہر تھا۔ دشمن اتنا گر جائے گا، یہ سوچا نہ تھا۔”وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید زخمیوں کو فوری طور پر ایئر لفٹ کرکے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے، اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات دی جارہی ہیں۔

سرفراز بگٹی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم ان کے خون کا بدلہ لیں گے۔ جس طرح نوشکی اور ٹرین حملے میں ملوث دہشتگرد واصلِ جہنم ہوئے، اس حملے میں ملوث عناصر کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔”انہوں نے افغانستان کی عبوری حکومت کو بھی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کی سرزمین بار بار پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، اور دہشتگرد بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔”وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ “دہشتگردی اور تشدد کو مختلف نام دیے جا رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ اس مائنڈ سیٹ سے نکلا جائے اور حقیقت کو تسلیم کیا جائے۔”انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، اور شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔