امریکا نے حوثیوں کو ایرانی پراکسی کہہ کر بڑی غلطی کی:آیت اللّٰہ خامنہ ای

 امریکا نے حوثیوں کو ایرانی پراکسی کہہ کر بڑی غلطی کی:آیت اللّٰہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران خطے میں پراکسی جنگ نہیں چاہتا اور یمنی حوثیوں کے حملے سے ایران کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

 انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے اس حملے کو جواز بنا کر ایران کے خلاف کوئی کارروائی کی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا نے یمن کے حوثی گروپ کو ایرانی پراکسی قرار دے کر بڑی غلطی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن اور خطے میں مزاحمتی گروہوں کے اپنے مقاصد ہیں، اور ایران کو پراکسیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران نے کبھی کسی سے جنگ کا آغاز نہیں کیا، لیکن اگر ایران کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک کو ایران کے خلاف مذموم عزائم رکھنے سے گریز کرنا چاہیے، ورنہ انہیں اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے اسرائیل پر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔