ویب ڈیسک:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے کے بعد شدید ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ "صیہونی ریاست نے اپنی تباہی کی بنیاد رکھ دی ہے، اور اسرائیل کو اس جرم کی سخت سزا ملے گی۔"
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایرانی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:"صیہونی ریاست نے ہماری سرزمین کے خلاف ایک گھناؤنا جرم کیا ہے۔ رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر اس نے اپنی بدنما اور بزدل فطرت کا اظہار کیا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایران کے کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور جوہری سائنسدان شہید ہو چکے ہیں، لیکن:"اللّٰہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے فولادی بازو دشمن کو کیفرِ کردار تک پہنچائے بغیر نہیں رکیں گے۔"آیت اللّٰہ خامنہ ای نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم افراد کا مشن ادھورا نہیں رہے گا:
"ہمارے شہید کمانڈرز اور سائنسدانوں کے جانشین اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ اس مشن کو پورا کریں گے۔"انہوں نے تنبیہ کی کہ:"اسرائیل نے اپنے لیے ایک تلخ اور تکلیف دہ قسمت کا انتخاب کیا ہے، اور ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔"