وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو خراجِ تحسین

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کو خراجِ تحسین

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت اور حکمت عملی کو خطے میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ انہوں نے ایران میں منعقدہ تعزیتی اجتماع اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔شہباز شریف کے مطابق انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مرحوم رہبرِ معظم آیت اللّٰہ خامنہ ای کے انتقال پر حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ایرانی حکومت اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی دانشمندی، سیاسی بصیرت اور قیادت کے اثرات ایران سمیت پورے خطے پر نمایاں رہے ہیں اور انہیں آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک برادر ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیرِ اعظم کے مطابق ایرانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف ایران کے دورے کے بعد ترکیہ روانہ ہوگئے، جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول میں ملاقاتیں کریں گے۔