ویب ڈیسک: کینیڈا کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ چین میں منشیات کے الزامات کے تحت چار کینیڈین شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ، میلانی جولی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سزا پانے والے چاروں افراد دوہری شہریت کے حامل تھے اور ان کی شناخت اہلِ خانہ کی درخواست پر فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہی۔ وزیر خارجہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ انھوں نے ذاتی طور پر چین سے درخواست کی تھی کہ اس معاملے میں نرمی برتی جائے۔میلانی جولی نے ان ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "ناقابل تلافی نقصان" اور "بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی" قرار دیا۔
کینیڈا میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ کینیڈین شہریوں کے جرائم کے شواہد "ٹھوس اور کافی" ہیں اور انھوں نے کینیڈا پر زور دیا کہ وہ "غیر ذمہ دارانہ بیانات" دینا بند کرے۔ مزید برآں، انھوں نے کینیڈا سے کہا کہ وہ چین کی عدالتی خودمختاری کا احترام کرے۔چین دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا اور منشیات سے متعلق جرائم پر سخت کارروائی کرتا ہے۔