چین: 35 افراد کو کار کی ٹکر سے ہلاک کرنے والے ملزم کو سزائے موت

چین: 35 افراد کو کار کی ٹکر سے ہلاک کرنے والے ملزم کو سزائے موت

چین کے شہر جنوبی زوہائی میں گزشتہ ماہ ایک شخص کی جانب سے کار کی ٹکر سے 35 افراد کی ہلاکت کے معاملے میں عدالت نے موت کی سزا سنائی۔

 62 سالہ ملزم نے 11 نومبر کو اسپورٹس کمپلیکس کے باہر ورزش کرنے والوں پر جان بوجھ کر اپنی گاڑی چڑھادی تھی۔ یہ حملہ 2014 کے بعد چین میں ہونے والا سب سے مہلک حملہ تھا۔حملہ آور کو جائے وقوعہ سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس نے خود کو چاقو مار کر زخمی کرلیا تھا، جس کے بعد وہ کومے میں چلا گیا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمے کی سماعت عوامی طور پر کی گئی اور سزا کا فیصلہ اسی دن سامنے آیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم کے مقاصد انتہائی گھناؤنے تھے، اور اس کی کارروائی کے نتائج سنگین تھے، جس سے معاشرتی نقصان ہوا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق، ملزم نے اپنا جرم عوامی سطح پر تسلیم کیا اور عدالت نے اس کے پس منظر میں ناکام شادی، ذاتی مایوسی اور طلاق کے بعد جائیداد کی تقسیم پر غصہ نکالنے کی وجہ بیان کی۔