کنشاسا: ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کی فوجی عدالت نے بزدلی، بغاوت اور فوجی احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات میں 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی، جبکہ ایک اہلکار کو 10 سال قید کی سزا دی گئی۔
مقدمے میں نامزد چار فوجیوں کو عدالت نے باعزت بری کردیا۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ملک کے مشرقی صوبے شمالی کیوو کے علاقے والی کالی میں 71 فوجیوں کے خلاف مقدمے کی سماعت کے بعد سنایا گیا۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد مشرقی کانگو میں مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے والے فوجیوں میں نظم و ضبط بہتر بنانا ہے۔
مورچے چھوڑ کر فرار ہونے کا الزام
اطلاعات کے مطابق سزا پانے والے فوجیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے 20 اکتوبر کو والی کالی میں باغی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اپنے مورچے چھوڑ دیے اور میدانِ جنگ سے فرار ہوگئے تھے۔مشرقی کانگو کا یہ علاقہ طویل عرصے سے مسلح تنازعات کا شکار ہے، جہاں سرکاری فوج اور مختلف باغی گروہوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ ان گروہوں میں ایم 23 سمیت مختلف باغی تنظیموں کا اتحاد بھی شامل ہے۔
گزشتہ ماہ بھی 27 فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی
کانگو میں فوجیوں کو بزدلی اور میدانِ جنگ سے فرار ہونے کے الزامات پر سزائے موت سنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ ماہ بھی 27 فوجیوں کو اسی نوعیت کے الزامات میں سزائے موت دی گئی تھی۔ ان اہلکاروں پر بھی باغیوں کے ساتھ لڑائی کے دوران اگلے مورچوں سے پیچھے ہٹنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
20 سال بعد سزائے موت پر پابندی ختم
واضح رہے کہ ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کی حکومت نے مارچ 2024 میں فوج کے اندر مبینہ غداری اور فرار کے واقعات کی روک تھام کے لیے سزائے موت پر عائد تقریباً 20 سالہ پابندی ختم کردی تھی۔