پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں کی جائیں گی، جس کے تحت ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر مالی جرمانے اور پوائنٹس سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
ٹریفک حکام کے مطابق، اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس منسوخی، مقدمات کا اندراج اور بڑے جرمانے کیے جائیں گے۔نئے نظام کے تحت، اگر کسی ڈرائیور کے 20 پوائنٹس ہو جائیں گے تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ 24 مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 500 سے 5 ہزار روپے تک جرمانے ہوں گے، اور ہر خلاف ورزی پر 2 سے 6 پوائنٹس کاٹے جائیں گے۔ پانچ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔نئے فیصلوں کے مطابق، 1500 سی سی سے زیادہ کی گاڑیوں پر اوور سپیڈنگ کے جرمانے 10 گنا زیادہ ہوں گے۔
پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں پر جرمانے 5 گنا بڑھا دیے جائیں گے، اور 1500 سی سی سے کم گاڑیوں کے جرمانے ڈبل کر دیے جائیں گے۔ پہلے اوور سپیڈنگ پر جرمانہ 500 روپے تھا، لیکن شہریوں کی جانب سے معمولی جرمانے کی وجہ سے اوور سپیڈنگ پر قابو پانا مشکل ہو رہا تھا۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ حادثات میں کمی لانے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔ تمام اسٹڈی کے بعد پوائنٹس سسٹم اور جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرمانوں میں اضافے کی سمری آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد حکومت کو بھیج دی گئی ہے، اور حکومت کی منظوری کے بعد یہ نئے قوانین نافذ کیے جائیں گے۔