نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا، جبکہ اضافی رقم صارفین سے اکتوبر کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔اس سے قبل سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اگست کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔
جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بھی بجلی کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا، جس کی اضافی رقم صارفین نے ستمبر کے بجلی کے بلوں میں ادا کی۔دوسری جانب بجلی صارفین پہلے ہی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 52 پیسے فی یونٹ اضافی ادائیگی کر رہے ہیں، جس کے باعث صارفین پر بجلی کے بلوں کا مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔