اے پی سی کی ذمہ داری لطیف کھوسہ کو دی ہے ، جماعت اسلامی کو دعوت دیں گے اے پی سی کا انعقاد ہمارے پلیٹ فارم سے ہو
وزراء کی فوج بھرتی کر لی گئی،ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو رہے پھر بھی ملک کی خاطر ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں :مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے عید کے بعد اتحاد کو حتمی شکل دیں گے اور بلوچستان میں آل پارٹیز کانفرنس کریں گے۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اے پی سی کے حوالے سے ذمہ داری لطیف کھوسہ کو دی ہے۔ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ جوائنٹ اے پی سی کرنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کو دعوت دیں گے کہ اے پی سی ہمارے پلیٹ فارم سے ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کی سنجیدگی آپ کے سامنے ہے، سوال شروع ہوتے ہی اجلاس ختم کر دیا گیا۔ وزرا کی فوج بھرتی کر لی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس حکومت کو عوام کا مینڈیٹ حاصل نہیں۔ قانونی سازی میں ایک ایسا قانون بتا دیں جس میں عوام کا فائدہ ہو، یہ تمام ذمہ داریوں میں ناکام ہیں۔۔اس موقع پر پی ٹی آئی کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک ایسا فورم ہے کہ آپ کی ہر بات تاریخ کا حصہ بن جاتی ہے۔ ن لیگ کا رویہ ایسا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو بطور ربڑ اسٹیمپ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین سال سے پی ٹی آئی کے ساتھ فسطائیت برتی جا رہی ہے اور اس سے ملک پیچھے جا رہا ہے اس پر سوچنے کی ضرورت ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے جو ووٹ لیے اس طرح وہ وزیراعظم ہوتے لیکن انہیں جیل میں بند کیا ہوا ہے۔