گرینڈ اتحاد شہباز شریف خطرے کی گھنٹی
اسد قیصر کا اپوزیشن جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ، ملک کی سیاسی صورتحال اور ممکنہ گرینڈ الائنس پر بھی غور ، 8 فروری کا الیکشن دھاندلی شدہ تھا ،حکومت کے لوگوں کو فوری طور پر مستعفی ہو کر ازسر نو انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے:فضل الرحمن
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) گرینڈ اتحاد نے شہباز شریف حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اپوزیشن جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا ، عشائیہ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، شاہد خاقان عباسی ، محموداچکزئی ، عمر ایوب ،شبلی فراز ، ناصر عباس ودیگر نے شرکت کی ، ذرائع کے مطابق اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور ممکنہ گرینڈ الائنس پر بھی غور کیا ، قبل ازیں عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن دھاندلی شدہ تھا ،حکومت کے لوگوں کو فوری طور پر مستعفی ہو کر ازسر نو انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے جبکہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا، الیکشن کمیشن کی مدت مکمل ہو چکی ہے، ہم ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ دہراتے ہیں۔دوسری جانب رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا ملکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ملاقات کے بعد اپوزیشن رہنماوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، اعلان کے وقت مولانا فضل الرحمان اور شاہد خاقان عباسی نے اہم اعلانات کیے۔ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ برس ہونے والے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت کو مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔