عمران خان نے ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے خط میں تشویش کا اظہارکیا ،ہمیں آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں
اسلام آباد (آئی ا ین پی ) پی ٹی آئی رہنما و سابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد بنانے کے خاصے قریب ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ اس وقت جو حکومت ہے یہ ڈمی حکومت ہے اس کے پاس نہ کوئی اختیار ہے نہ اتھارٹی ہے اور یہ جعلی مینڈیٹ پر بیٹھے ہیں۔ ہمیں اپنے تحفظات کا اظہارکرنا ہے،عمران خان نے ایک محب وطن اور پاکستانی کی حیثیت سے خط میں تشویش کا اظہارکیا ،ہم سمجھتے ہیں آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، موجودہ صورت حال کو سنجیدہ لینا چاہیے،شیر افضل مروت کے فیصلے پرنظرثانی ہوسکتی ہے۔ایک انٹرویو میں اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے جو بھی کرنا ہے قانون اورآئین کے اندر رہتے ہوئے کرنا ہے، پاک فوج ہمارا مضبوط ادارہ ہے، سیاست اپنی جگہ ہے، اپوزیشن اتحاد بنانے کے خاصے قریب ہیں، اپوزیشن اتحاد کے نام پرمشاورت ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے معاملے پر بہت قریب آ گئے ہیں، چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں۔ اس وقت ملک میں کوئی قانون اور آئین نہیں ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں جو حکومت سے باہرہیں وہ مل بیٹھ کر صورت حال کا حل نکالیں، اس میں میڈیا، سول سوسائٹی اورسٹیک ہولڈربھی ہوں اور ایک قومی ایجنڈہ بنایا جائے۔